وزیر دفاع خواجہ آصف کا دوٹوک مؤقف طالبان حکومت دہشتگردوں کی پشت پناہی بند کرے

وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ طالبان حکومت دہشتگردوں کی پشت پناہی بند کر دے، پاکستان اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ افغان سرزمین سے دراندازی مکمل بند ہونی چاہیے، ثالث ہمارے مفادات کی مکمل دیکھ بھال کریں گے۔ دہشتگردی کی روک کے بغیر دو ہمسایوں کے تعلقات میں بہتری کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کی ضمانت کابل کو دینا ہوگی، کالعدم ٹی ٹی پی ہو یا بی ایل اے، پاکستان میں دہشتگردی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر دفاع نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت آہستہ آہستہ تنہائی کا شکار ہو رہی ہے، سابق فاٹا کے عوام سمجھتے ہیں کہ وفاقی حکومت مخلص ہے، جہاں ضرورت ہو ہم طاقت کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ سیاسی مفادات کی بات کرتے ہیں لیکن یہ ملک اب نیازی لا کے تحت نہیں چل سکتا، ہم نے اس مٹی کے مفاد کا تحفظ کرنا ہے۔دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بریفنگ میں کہا کہ مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے کشیدگی نہیں چاہتا، پاکستان نے مثبت اور تعمیری انداز میں مذاکرات میں شرکت کی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان فتنہ خوارج اور فتنہ ہندوستان کے خلاف اقدامات کرے، امید ہے کابل حکومت پاکستان کے تحفظات کو دور کرے گی۔چھ نومبر کو مذاکرات کے آئندہ دور کے لیے پاکستان پُرعزم ہے۔