لاہور فیصل آباد سے کراچی کوئٹہ راولپنڈی سمیت مختلف شہروں کے لیے نیا ٹرین شیڈول جاری

پاکستان ریلوے نے لاہور اور فیصل آباد سے کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کے لیے نیا ٹرین شیڈول جاری کر دیا ہے۔محکمہ ریلوے کے مطابق قراقرم ایکسپریس (ڈاؤن) سہ پہر 3 بجے لاہور سے کراچی روانہ ہوگی،جبکہ پاک بزنس ایکسپریس (ڈاؤن) جو پہلے 4 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوتی تھی، اب شام 5 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگی۔اسی طرح کراچی ایکسپریس (ڈاؤن) شام 6 بجے لاہور سے روانہ ہوگی۔ترجمان ریلوے نے بتایا کہ شاہ حسین ایکسپریس (ڈاؤن) کے مسافروں کو آج گرین لائن میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔گرین لائن (ڈاؤن) کراچی کے لیے رات 8 بج کر 40 منٹ پر روانہ ہوگی۔قراقرم ایکسپریس (ڈاؤن) لاہور سے براستہ ساہیوال کراچی جائے گی،جبکہ پاکستان ایکسپریس (ڈاؤن) بھی لاہور سے ساہیوال کے راستے کراچی روانہ ہوگی۔
شیڈول کے مطابق ملت ایکسپریس (ڈاؤن) فیصل آباد سے دوپہر 2 بجے روانہ ہوگی اور براستہ چک جھمرہ، سانگلہ ہل، لاہور اور ساہیوال کراچی پہنچے گی۔رحمان بابا ایکسپریس (ڈاؤن) بھی لاہور اور ساہیوال کے راستے کراچی روانہ ہوگی۔ترجمان کے مطابق کراچی سے آنے والی پاکستان ایکسپریس ساہیوال کے راستے لاہور اور راولپنڈی جائے گی۔ملت ایکسپریس (اپ) ساہیوال، لاہور، سانگلہ ہل اور چک جھمرہ کے راستے فیصل آباد پہنچے گی،جبکہ رحمان بابا ایکسپریس (47 اپ) لاہور، ساہیوال کے راستے پشاور روانہ ہوگی۔