وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے، کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران قانون سازی کے مراحل اور ایوان کی کارروائی سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں صوبے بھر میں امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ انتشار کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔اسپیکر اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کاروبار میں آسانی کے لیے ’ای بز‘ سہولت متعارف کروانے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امن و امان میں بہتری پر پنجاب کے عوام کی جانب سے اظہارِ تشکر کیا۔ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے اسپیکر کو اسمبلی کے امور میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر شاباش دی۔مریم نواز نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبے بڑے شہروں کے بجائے چھوٹے شہروں سے شروع کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں کاروبار کا بہترین پوٹینشل موجود ہے، سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔اس موقع پر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا مرکز صرف لاہور نہیں بلکہ پنجاب کے تمام پسماندہ علاقے ہیں۔