لاہور (ویب ڈیسک): لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں گرفتار ملزمہ کا اعترافی بیان اور مقدمے کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تھانہ اچھرہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ جب پولیس موقع پر پہنچی تو ایک خاتون کے ہاتھ میں خون آلود چھری موجود تھی، جس نے پولیس کو دیکھتے ہی چھری نیچے پھینک دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنی شناخت ردا فاطمہ کے نام سے کرائی اور تصدیق کی کہ وہ مقتول بچوں کی حقیقی والدہ ہے۔
مقدمے کے مطابق ملزمہ نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ وہ اپنے شوہر سے علیحدگی چاہتی تھی، تاہم شوہر بچوں کی وجہ سے اسے چھوڑ نہیں رہا تھا۔ ملزمہ کے مطابق اسی وجہ سے اس نے بچوں کو راستے سے ہٹانے کا انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ ایک اور خاتون نے شواہد چھپانے کی کوشش بھی کی، جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا۔
تینوں بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، جنہیں تدفین کے لیے آبائی علاقے جھنگ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے کہا ہے کہ ملزمہ کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اسے قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔