دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پھر سرفہرست، پنجاب کے کئی شہروں کی فضا مضرِ صحت قرار

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ایک مرتبہ پھر پہلے نمبر پر آگیا ہے جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبے کے کئی شہروں میں فضائی معیار آج بھی انتہائی مضرِ صحت ہے، صبح کے اوقات میں لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 307 ریکارڈ کیا گیا جبکہ عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق قصور کا فضائی معیار سب سے خراب رہا جہاں ایئر کوالٹی 676 ریکارڈ کی گئی۔ فیصل آباد میں پارٹیکیولیٹ میٹرز 558، شیخوپورہ میں 449، گوجرانوالہ میں 365 اور ملتان میں 358 ریکارڈ کیے گئے جو عالمی معیار کے مطابق خطرناک سطح کی آلودگی ظاہر کرتے ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے اور زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی ہے، ان کے مطابق شمال مشرقی سمت سے چلنے والی کم رفتار ہوائیں مشرقی پنجاب اور بھارتی ہریانہ کے زرعی علاقوں سے گزرتی ہوئی لاہور اور وسطی پنجاب کی فضا کو متاثر کر رہی ہیں۔ حکام کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر انسدادِ اسموگ آپریشن میں تیزی لائی جا رہی ہے، لاہور، شیخوپورہ، قصور اور گوجرانوالہ میں اینٹی اسموگ اسکواڈز فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ محکمہ زراعت کو بھارتی طرز پر اسٹبل برننگ کے متبادل اقدامات تیز کرنے، سپر سیڈرز اور ماحول دوست مشینری کے استعمال میں توسیع کی ہدایت کی گئی ہے۔