فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے تعلقات بھارت کے لیے لمحہ فکریہ ہیں: سابق امریکی جنرل

سابق امریکی بریگیڈئیر جنرل مارک کمٹ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہو چکے ہیں، جو بھارت کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔برطانوی صحافی پیرز مورگن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مارک کمٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان خوشگوار روابط دیکھنے کو مل رہے ہیں اور یہ صورتحال بھارت کے لیے سنجیدگی سے سوچنے کا مقام ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی غرور صدر ٹرمپ کے سامنے عیاں ہوگیا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ امریکا اب پاکستان کے زیادہ قریب دکھائی دیتا ہے۔پروگرام میں شریک بھارتی صحافی برکھادت نے بعد ازاں ہندوستان ٹائمز میں شائع اپنے مضمون میں لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسی پر امریکی رویے اور بھارت کے جذبات کے درمیان خلیج مزید نمایاں ہوگئی ہے۔برکھا دت کے مطابق، انہیں اس وقت حیرت ہوئی جب مارک کمٹ نے بھارت کی ٹرمپ کی دھمکی کے سامنے سخت پوزیشن کو ’’تکبر‘‘ قرار دیا اور کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ سے بڑھتی قربت پر بھارت کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔