تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سخی حسن میں ہائیڈرنٹ کے قریب ایک بے قابو ٹینکر کے ڈی اے فلیٹس کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہو گیا، اس کی زد میں آنے والی 3 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹینکر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو گیا تھا، اور ہائیڈرنٹ کے قریب رہائشی فلیٹس کی دیوار میں جا گھسا تھا، جس سے دیوار ٹوٹ گئی، اور تین گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔ حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور فرار ہو گیا، جب کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، شہریوں نے متعلقہ تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے۔ واضح رہے کہ یکم جنوری سے اب تک سال رواں میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے 107 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔ بدمست ٹینکروں کو قابو کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے دن کے اوقات میں شہر میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے لیکن حادثات نہیں رک سکے ہیں۔