رسد کا بڑا قافلہ آج پارا چنار روانہ ہوگا، پیٹرول کی مصنوعات بھی شامل

سرکاری ذرائع کے مطابق 70 گاڑیوں پر مشتمل سامان رسد کا بڑا قافلہ آج پارا چنار روانہ ہوگا، آج کے قافلے میں پیٹرول کی مصنوعات بھی شامل ہیں۔ قافلے میں آٹا، چینی، پھل، سبزیاں، ادویات اور دیگر سامان شامل ہے، بنکرز کی مسماری کے سلسلے کو آج پھر سے شروع کیے جانے کا امکان ہے. سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بگن بازار کی منہدم اور ٹوٹ پھوٹ کی شکار عمارتوں کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے، کرم متاثرین کو امدادی رقوم دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ لوئر کرم کے مشران کوہاٹ میں 25 جنوری کو حکومتی جرگے میں شرکت کر چکے ہیں، تاہم اپر کرم اور پارا چنار کے مشران نے جرگے میں شمولیت سے انکار کر دیا تھا، اپر کرم اور پارا چنار کے مشران کے ساتھ حکومتی جرگہ جلد متوقع ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوش گوار واقعے پر ذمہ داران سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔