تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہانگ کانگ کے ٹی وی بی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جون تک پانڈا بانڈ جاری کرے گا، پانڈا بانڈز سے چینی کیپیٹل مارکیٹس میں شمولیت کا ارادہ ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں سے 200 ملین ڈالر اکٹھا کرنے کے خواہش مند ہیں انھوں نے کہا کہ معیشت کوبرآمدات پرمبنی ترقی کی طرف منتقل کرنے پر توجہ مرکوز ہے ساتھ ہی ادائیگیوں کے توازن میں پائیداری کے حصول پر توجہ ہے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ مزید چینی کمپنیوں اورسرمایہ کاری کو راغب کرے گا۔ انھوں نے بتایا کہ ہانگ کانگ کے ساتھ مالیاتی تعاون کو بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں، ہانگ کانگ تجارتی، مالیاتی مواقع کا جائزہ لینے کیلئے وفود بھیجے، ہانگ کانگ چینی، پاکستانی کمپنیوں کے منصوبوں کیلئے موزوں ثابت ہوسکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق اصلاحات کے ذریعے ”بی“ ریٹنگ زون تک پہنچنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ملک کے فنڈنگ ذرائع کو ”متنوع“ بنانے کی اہمیت پر زور دیا، ہانگ کانگ کی اسٹاک مارکیٹ بھی اس کا حصہ ہے۔