تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے پابندی ختم ہونے کے بعد قومی ایئرلائن ساڑھے چار سال بعد یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن کا آغاز کرنے جارہی ہے ، جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز آج اسلام آباد سے 300 سے زائد مسافروں کو لے کر روانہ ہوگی، وفاقی وزیرخواجہ آصف اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو رخصت کریں گے۔ قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 749آج دوپہر 12بجے پیرس روانہ ہوگی ، قومی ایئرلائن بوئنگ 777 کے ذریعے پیرس کی ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کرے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے پرواز روانگی سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر تقریب ہو گی، جس میں وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف، سی ای او سمیت دیگر اعلیٰ افسران پی آئی اے مسافروں کو رخصت کریں گے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پیرس کی پروازوں کے لیے مسافروں کی جانب سے اچھا رسپانس ملا ہے اور پیرس کیلیے آئندہ 4 پروازیں بھی فل لوڈ ہیں، پہلی پرواز کا پیرس پہنچے پر بھی مسافروں کا استقبال بھی کیا جائے گا۔ پیرس آنے اورجانے والی پہلی اور دوسری پروازوں کیلئے فلائٹ بکنگ فل ہوچکی ہے، مسافر موبائل،ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ سے فلائٹ انٹرٹینمنٹ استعمال کرسکیں گے۔