سال 2025 میں کیا تبدیلی ہوگی ؟ شیخ رشید نے بڑی پیش گوئی کردی

تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے ٹی سی میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو سمجھ رہے ہیں نئے سال میں تبدیلی آجائے گی انہیں بتادوں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ حکمران جماعتوں کے حوالے سے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کوئی سننے والا نہیں. جو لوگ جیل میں ملاقات نہیں کراسکتے وہ مذاکرات کا نتیجہ کیا نکالیں گے؟ انھوں نے کہا کہ میں آج ڈیالہ نہیں جا رہا میں نے توعدالت میں حاضری لگا دی ہے، بڑوں سے اپیل ہے کرتا ہوں غریبوں کو چھوڑ دو دعا دیں گے۔ یاد رہے گذشتہ ماہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی گئی لیکن نکلنا کچھ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی حالات بہت زیادہ خراب ہیں، مذاکرات کاحامی تھا، ہوں اور رہوں گا لیکن جنگ کے بعد بھی مذاکرات سے کچھ نہ نکلا تو پھر جوڈو کراٹے ہی ہیں۔