کراچی کے 6 مقامات پر مذہبی جماعتوں کے دھرنے جاری ہیں۔

کراچی میں دو مذہبی جماعتوں کے دھرنے مختلف مقامات پر جاری ہیں، جس کے باعث شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ نمائش چورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، کامران چورنگی، واٹر پمپ، شیرشاہ اور اورنگی ٹاؤن میں دھرنوں کے سبب کئی سڑکیں بند ہیں، جبکہ کچھ جگہوں پر جزوی طور پر ٹریفک بحال ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے، جبکہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن آنے جانے والے راستے بند ہیں۔ کامران چورنگی سے موسمیات جانے والی سڑک بھی بند ہے، جبکہ واٹر پمپ سے انچولی جانے والا راستہ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب، اورنگی ٹاؤن میں پونے 5 سے بنارس آنے والا ٹریک بند ہے، لیکن بنارس سے اورنگی جانے والا ٹریک کھلا رکھا گیا ہے۔ سہراب گوٹھ سے واٹر پمپ جانے والے روڈ پر ٹریفک رواں ہے۔

گزشتہ روز نمائش چورنگی پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی، جس پر مظاہرین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان دھرنوں کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر دفاتر اور اسکولوں کے راستوں پر رکاوٹوں کی وجہ سے۔