قازقستان میں آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 67 افراد سوار تھے،متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

 قازقستان کے شہر اکتاؤ میں آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طیارے میں عملے کے 5 افراد سمیت 72 مسافر سوار تھے جن میں سے 14 مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دیگر مسافروں کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوسکی۔ اسپتال پہنچائے گئے مسافروں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کا شکار طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے زیر تسلط ریاست جمہوریہ چیچن کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا لیکن دھند کی وجہ سے طیارے کا راستہ تبدیل کیا گیا۔ فوری طور پر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارے میں فضا پرندوں کے ایک غول سے ٹکرایا تھا۔ قازقستان کی ہنگامی امور کی وزارت کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی سروسز جائے حادثہ پر آگ بجھانے کا کام کر رہی ہیں۔ حادثے سے قبل طیارے نے اکتاؤ ایئرپورٹ کے اوپر کئی چکر بھی لگائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں سوار 25 مسافر زندہ بچ گئے ہیں جن میں سے 22 کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ قازقستان حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ قازقستان میں حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک سرکاری کمیشن تشکیل دیا گیا ہے اور اس کے ارکان کو جائے وقوعہ پر پہنچنے اور زخمیوں اور مرنے والے مسافروں کے ورثا کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، قازق حکام کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات میں آذربائیجان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے حادثے کے بعد روس کا دورہ مختصر کر دیا ہے جہاں انہیں آج سربراہی اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔ کریملن کے حمایت یافتہ چیچنیا کے رہنما رمضان قادروف نے ایک بیان میں تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہسپتال میں زیر علاج افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔