سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 63 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کروا دی۔ کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے ایک بار پھر بجلی سستی ہونےکا امکان ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں 63 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کردی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے مسلسل 5ویں بار ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی گئی ہے، ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر 31 دسمبر کو سماعت ہوگی۔ سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق گزشتہ ماہ 7 ارب 71 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی پیداواری لاگت 55 ارب 76 کروڑ روپے رہی۔ ایل این جی سے 23 روپے 20 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی جبکہ ایران سے 27 روپے 15 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔ کوئلہ سے بجلی کی پیداواری لاگت 14 روپے 92 پیسے رہی اور نیوکلیئر ذرائع سے ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ گزشتہ ماہ بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 7 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔ واضح رہے کہ نیپرا نے کراچی کے صارفین کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 18 پیسے فی یونٹ سستی کی تھی، نیپرا نے ستمبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔