تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج کرنے والے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، پولیس نے عدالت سے ملزمان کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تاہم ملزمان کے وکلا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ آخر ملزمان سے کیا برآمد کرنا ہے؟ وہ سب کے سب مزدور ہیں، جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ اس کیس میں کتنا ریمانڈ لے چکے ہیں، پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمان کا 10،10 دن کا جسمانی ریمانڈ ہو چکا ہے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر رہا ہوں، وکیل کو ملزمان کی ضمانتیں دائر کرنی ہیں تو کر دیں۔ بعد ازاں جج نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔