جمعیت طلباء اسلام ضلع گھوٹکی کے تمام یونٹوں کے کنوینرز اور ضلعی معاونین کا مشترکہ اجلاس جامعہ انوار قرآن، بسم اللہ کالونی، گھوٹکی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی کاروائی ضلعی کنوینر جناب محمد عاقب چنہ نے چلائی، جبکہ اجلاس کی صدارت اور خصوصی شرکت قائد طلباء جناب اسامہ محمود ھالیجوی، کنوینر جمعیت طلباء اسلام صوبہ سندھ نے کی۔ اس موقع پر قائد گھوٹکی حافظ سراج احمد چنہ (امیر جمعیت علماء اسلام ضلع گھوٹکی)، فخر نوجوان مولانا عبدالغفار چاچڑ، حضرت مولانا حماد اللہ چاچڑ، حضرت مولانا ممتاز علی چاچڑ، اور میر سیف الرحمن لغاری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں تنظیمی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور جمعیت طلباء اسلام ضلع گھوٹکی میں بھرپور معاونت سازی مہم چلانے کا فیصلہ ہوا۔ اس مہم کے ذریعے اسکول، کالج اور مدارس کے طلباء کو تنظیم میں شمولیت کی دعوت دینے کی حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تنظیمی اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کرنے کے لیے تمام یونٹس کے کنوینرز اور معاونین کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ جمعیت طلباء اسلام کے پیغام کو نوجوان نسل تک پہنچایا جا سکے۔