پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کاروبار کے آغاز پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس ایک ہزار77 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 346 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس نے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ کی سطح عبور کی ہے۔ واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے کو ملی تھی اور پھر 100 انڈیکس 99 ہزار کی حد عبور کر گیا تھا۔ایک موقع پر کاروبار کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1642 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ 99 ہزار 820 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 99 ہزار 269 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز 29 ارب 73 کروڑ 84 لاکھ 49 ہزار 629 روپے مالیت کے 49 کروڑ 57 لاکھ 92 ہزار 767 شیئرز کا لین دین ہوا تھا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایکس میں گزشتہ روز بھی زبردست تیزی آئی تھی اور انڈیکس اپنی 5 سطحیں بحال کرگیا تھا۔ اسٹاک ایکسچینج کاروباری دورانیے کا اختتام 95ہزار، 96ہزار، 97ہزار 98ہزار اور 99ہزار کی 5سطحیں بحال ہونے کے ساتھ 99269پوائنٹس کی نئی بلند سطح پر بند ہوا تھا۔ اس دوران مارکیٹ میں کاروباری حجم ایک ارب 3کروڑ سے زائد حصص کے سودوں پر مشتمل رہا۔