پنوعاقل:کچے کے علاقے میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا حملہ،اہلکار شہید

سندھ کے ضلع پنوعاقل کی حدود میں دریائے سندھ کے کچے کے علاقے میں سندھ پولیس کی چوکی پر ڈاکوؤں کے حملے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا جس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ گزشتہ رات ڈاکوؤں کے حملے میں شہید اہلکار اربیلو چاچڑ کی نماز جنازہ پولیس ہیڈ کوارٹر سکھر میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سکھر اور رینجرز افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے خلاف ہمارا ٹارگٹیڈ آپریشن جاری رہےگا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہید کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ دوسری جانب ضلع کندھ کوٹ پولیس نے پنجاب کےضلع لیہ کے رہائشی کو اغوا ہونے سے بچالیا۔ رپورٹ کے مطابق لیہ کے رہائشی محمد طارق نامی شخص کو ڈاکوؤں نے شادی کا جھانسہ دےکرکچے کے علاقے میں بلایا تھا۔ کندھ کوٹ پولیس نے ٹیکنیکل ذرائع سے اطلاع موصول ہونے پر لیہ کے رہائشی کو اغوا ہونے سے بچالیا اور عوام سے اپیل کی کہ فیک کالز اور جھانسے میں لینے والے مشتبہ پیغامات سے ہوشیار رہیں۔