12سالہ مجاہد گھریلو اخراجات پورے کرنے کیلئے باپ کا بازو بن گیا

باپ کا ہاتھ بٹانے کے لیے سکھر سے تعلق رکھنے والا یہ ننھا لڑکا رات میں برگر کا ٹھیلا لگاتا ہے اور دن کے وقت اسکول جاتا ہے، شام ہوتے ہی یہ ننھا مزدور زندگی کی سختیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے گھر کی ذمہ داریاں اپنے نازک کاندھوں پر اٹھا لیتا ہے۔ 12 سالہ مجاہد نے بتایا کہ میں صبح کو اسکول جاتا ہوں اور شام کو ادھر برگر کی ریڑھی لگاتا ہوں تاکہ میں اپنے ابو کی مدد کرسکوں، فضول گھر بیٹھنے سے اچھا ہے کہ میں اپنی محنت مزدوری کروں کیوں کہ مہنگائی بہت ہے گزارا نہیں ہوتا۔ مجاہد کے والد نے کہا کہ بیٹا صبح کو اسکول جاتا ہے، اسے پڑھائی کا بہت شوق ہے، میں نے اسے یہ سیٹ اپ لگاکر دیا ہے کہ شام کو یہ اپنا کام کرے تاکہ اپنی پڑھائی مکمل کرسکے۔ ٹھیلے پر برگر کھانے کے لیے آنے والے ایک صارف نے مجادہد کے بارے میں کہا کہ بچہ محنتی ہے، زبردست کام کررہا ہے اور زبردست برگر بنا رہا ہے، میں کہیں بھی ہوتا ہوں، اس کا برگر کھانے آتا ہوں۔ آج کے لیے دور میں جب مہنگائی عروج پر ہے اور لوگ اپنی ذمہ داریاں ٹھیک طرح انجام دینے سے قاصر ہیں وہیں مجاہد جیسے بچے اپنے عزم و حوصلے سے اپنے والدین کا بوجھ بانٹ رہے ہیں۔