پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے نائب صدر حاجی اقبال اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری امیر حمزہ 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے حوالے سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔ دونوں رہنما دیگر جماعتی ذمہ داروں اور کارکنان کے ہمراہ قافلے کی شکل میں اسلام آباد کی طرف روانہ ہوئے۔ حاجی اقبال کا کہنا تھا کہ کپتان کی قیادت میں ملک کی حقیقی آزادی کے لیے یہ احتجاج ایک تاریخی موڑ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کی بحالی اور انصاف کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ امیر حمزہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قافلے عوامی جوش و جذبے کی علامت ہیں، اور 24 نومبر کا دن تحریک انصاف کے لیے ایک یادگار دن ہوگا۔ کارکنان قافلوں کے ساتھ جھنڈے تھامے اور نعروں کی گونج میں اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔ رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ یہ احتجاج ملک کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرے گا۔