پی ٹی آئی شعبہ خواتین حیدرآباد ڈویژن کی صدر مہرالنساء بلوچ کا سخت ردعمل

پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین حیدرآباد ڈویژن کی صدر مہر النساء بلوچ نے اپنے ویڈیو پیغام میں سندھ پولیس کی جانب سے پرامن کارکنوں پر کیے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب روانہ ہونے والی ریلی پر شکارپور کے قریب نہتے کارکنوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں، ہوائی فائرنگ کی گئی، اور گاڑیوں کے ٹائر پھاڑ دیے گئے۔ مہر النساء بلوچ نے ان واقعات کو جمہوری حقوق پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل ریاستی جبر کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی خواتین رہنما اور کارکنان ہر مشکل وقت میں اپنی قیادت اور کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہیں اور کسی بھی جبر سے خوفزدہ نہیں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کے حقوق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔