سندھ میں پولیس کی غنڈہ گردی: گاڑیوں پر حملے، نوجوانوں اور خواتین کی گرفتاریاں

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صوبائی نائب صدر مولا بخش سومر نے پولیس کی مبینہ زیادتیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پولیس کی غنڈہ گردی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے کارکنان پر حملے کیے گئے، گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، اور متعدد نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اس ظلم و زیادتی میں خواتین اور فیملیز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جنہیں پولیس نے ہراساں کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ مولا بخش سومر نے ان اقدامات کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی عوام کے ساتھ ہونے والے مظالم ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار کارکنان اور خواتین کو فوری طور پر رہا کیا جائے، اور اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اپنے کارکنان کے حقوق کا دفاع ہر قیمت پر کرے گی اور اس زیادتی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔