“فیصل آباد: 14 سالہ انڈا فروش کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر کے خالی پلاٹ سے پلاسٹک شیٹ میں لپٹی لاش برآمد”

تفصیلات کے مطابق ماجھی وال کے رہائشی محنت کش محمد حفیظ کا 14 سالہ بیٹا عبدالقدیر ابلے انڈے فروخت کر کے اپنے باپ کا ہاتھ بٹاتا تھا، وہ اتوار کی شام گھر سے انڈے بیچنے گیا اور لاپتا ہو گیا۔

مقتول کے والد حفیظ نے تھانہ ڈجکوٹ پولیس کو بچے کی گمشدگی کی اطلاع کی لیکن پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو تلاش نہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح گاؤں کے قریب خالی پلاٹ سے عبدالقدیر کی لاش مل گئی، نامعلوم ملزم نے کسی اور جگہ پر مبینہ طور پر زیادتی کے بعد تیزدھار آلے سے بچے کا گلا کاٹ کر لاش پلاسٹک میں ڈال کر پلاٹ میں پھینکی۔فرانزک سائنس ایجنسی کے عملے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے جبکہ مقتول عبدالقدیر کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے رورل ہیلتھ سنٹر ڈجکوٹ منتقل کر دی گئی۔