پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے پارٹی چھوڑنے والوں پر دلچسپ انداز میں طنز کرتے ہوئے نئی پارٹی کا نام بھی تجویز کر دیا۔ حلیم عادل شیخ کو حال ہی میں تحریک انصاف سندھ کا صدر مقرر کیا گیا۔اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔گزشتہ ماہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات کے لیے جو 7 رکنی ٹیم تشکیل دی تھی اس میں بھی حلیم عادل شیخ کا نام شامل تھا۔حلیم عادل شیخ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج کل نئی نئی پارٹیاں بن رہی ہیں اور ان کے نئے نام بھی تلاش کئے جارہے ہیں، ایک نام میں بھی تجویز کر دیتا ہوں، شاید پسند آجائے، حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس پارٹی ( PCP ) کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ مجھے ان نئی پارٹیوں کا مستقبل بھی مصطفی کمال کی “PSP” سے مختلف نئی لگ رہا۔9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنما یا تو اپنا الگ گروپ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں یا پھر جہانگیر ترین کے گروپ میں بھی شامل ہو سکتے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے رہنماؤں کا جہانگیر ترین گروپ سمیت پیپلز پارٹی سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔فواد چوہدری، عمران اسماعیل، عامر کیانی، مراد راس، محمود مولوی و دیگر اراکین سرگرم ہیں۔آئندہ انتخابات کے لیے پریشر گروپ کا جلد پیپلز پارٹی یا جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا فیصلہ متوقع ہے۔بتایا گیا ہے کہ فواد چوہدری سترہ اہم ارکان کے ساتھ پیپلز پارٹی یا جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہوسکتا ہے۔ گزشتہ روز فواد چوہدری کی جہانگیر ترین سے ایک ہی روز میں دو ملاقاتیں ہونے کی خبریں بھی ہیں۔