بغاوت پر اکسانے کا کیس،شہباز گل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کیخلاف بغاوت پر اکسانے سے متعلق کی سماعت ہوئی،سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ شہباز گل کی جانب سے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی جیسے عدالت نے مسترد کر دیا۔سیشن عدالت نے شہباز گل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،جج نے ریمارکس دئیے کہ شہباز گل کو عدالت میں پیش ہونا ہو گا یا پھر نا قابلِ ضمانت وارنٹ پر عملدرآمد ہو گا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہو سکی تھی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی،ڈیوٹی جج ارشد محمود جسرا کی عدالت میں شہباز گل کے وکیل مرتضیٰ طوری پیش ہوئے تھے۔ وکیل مرتضیٰ طوری نے کہا کہ شہباز گل فی الوقت امریکا میں ہیں،وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے لہذا حاضری سے استثنیٰ منظور کیا جائے۔ پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے شہباز گل کی حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کی تھی۔جبکہ عدالت نے شہباز گِل کے جونیئر وکیل پر برہمی کا اظہار بھی کیا تھا،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ وارنٹ نکال دیتے ہیں،ایف آئی اے کو لکھ دیتے ہیں۔ عدالت نے شہباز گِل کے وکیل کو لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ شہباز گل کو لاہور ہائیکورٹ نے 2 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی،انہوں نے بیرون ملک قیام کی مدت بڑھانے کیلئے عدالت میں درخواست دے رکھی ہے۔