کے پی حکومت نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے: میاں افتخار حسین

اسلام آباد:عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنی ناہلی چھپانے کے لیے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور غلط ترجیحات کے باعث عوام کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ صوبے میں بنیادی عوامی مسائل کو یکسر نظرانداز کیا جا رہا ہے جبکہ جاری ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے اور ان کے آئینی و جمہوری حقوق پر سمجھوتہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اے این پی عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو انتظامی اور معاشی بحران سے نکالنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، بصورت دیگر عوام میں پائی جانے والی بے چینی مزید بڑھے گی۔ میاں افتخار حسین نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے جائز حقوق کے لیے یک زبان ہوں، اے این پی ہمیشہ ناانصافی کے خلاف اور مظلوم طبقات کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔