راولپنڈی: جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ سے وکیل کی لاش برآمد

راولپنڈی کے جوڈیشل کمپلیکس لائرز کلب کی پارکنگ میں کھڑی ایک کار سے وکیل کی لاش برآمد ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق گاڑی سے ملنے والی لاش کی شناخت ایڈووکیٹ ثنا اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاڑی رات سے پارکنگ میں کھڑی تھی۔اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔موقع پر موجود افراد کے مطابق لاش کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی، جبکہ کپڑوں پر خون کے نشانات بھی موجود تھے۔پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی وکیل کی موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔پولیس واقعے کے محرکات اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔