12 ربیع الاول: صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم و عالم اسلام کو مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے 12 ربیع الاول کے بابرکت اور پُرمسرت موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ 12 ربیع الاول اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سرورِ کائنات حضرت محمد ﷺ کی آمد ایمان، علم، عدل و انصاف اور انسانیت کی فلاح کے روشن دور کا آغاز تھی۔ آپ ﷺ کا اسوہ حسنہ پوری انسانیت کے لیے فلاح اور نجات کا کامل راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عشقِ رسول ﷺ کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم سیرتِ طیبہ اور سنتِ رسول ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنے کردار و اعمال کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی مبارک زندگی اور تعلیمات انسانیت کے لیے ہدایت کا دائمی سرچشمہ ہیں۔ سیرت النبی ﷺ ہمیں ہمدردی، انصاف، رواداری، اتحاد، اخوت اور دوسروں کی خدمت کا درس دیتی ہے۔وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ اس بابرکت دن ہم عہد کریں کہ اپنے کردار اور اجتماعی رویوں کو سیرت النبی ﷺ کی روشنی سے منور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک پُرامن، خوشحال اور مضبوط پاکستان کے قیام کے لیے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
ملک بھر میں جشنِ میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت، جوش و جذبے اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔