اپوزیشن اتحاد بنانے پر اصولی اتفاق، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد بنانے پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے تاکہ ایوان کے اندر اہم معاملات پر مشاورت سے فیصلے کیے جاسکیں۔اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن ارکان مشترکہ حکمت عملی اختیار کرکے پارلیمنٹ میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باعث ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ گزشتہ 20 سال سے عوام کو صرف تسلیاں دی جارہی ہیں۔ امن و امان کے معاملات میں حکومتی اقدامات کے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آرہے اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آخر کب تک خاموش رہیں گے اور کب تک مصلحتوں کا شکار رہیں گے؟ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی باتیں کس امید پر کی جارہی ہیں، یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے جو بیانیہ پیش کیا جارہا ہے وہ درست نہیں۔ حالات میں بہتری نہ آنے کے باعث ملکی معیشت متاثر ہورہی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے اندر مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔