وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ بنوانے کے لیے ہیپاٹائٹس سی کا ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر شہری کو ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کروانا ہوگی، جبکہ اسکریننگ کا ریکارڈ نادرا کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت کے ملازمین کے لیے ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے اور ٹیسٹ نہ کرانے والے ملازم کی تنخواہ روک دی جائے گی۔ وزرا سمیت تمام سرکاری ملازمین کے لیے بھی ٹیسٹ لازمی ہوگا۔مصطفیٰ کمال کے مطابق ملک میں ایک کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں۔ پی ایم ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت مریضوں کو 68 ہزار روپے کی دوا مفت فراہم کی جائے گی۔اسلام آباد میں مفت اسکریننگ کے لیے 17 مراکز قائم ہیں، جبکہ نجی اسپتالوں کو بھی اسکریننگ کٹس فراہم کرکے ملک بھر میں اسکریننگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔