مسلم لیگ ن سے اختلافات میں اضافے کے بعد پیپلز پارٹی نے اپوزیشن سے رابطے بڑھا دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا وفد آج قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کرے گا، جس میں ملکی سیاسی اور پارلیمانی صورتحال سمیت اہم امور پر بات چی ہوگی۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس سے متعلق پارٹی پالیسی واضح کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اس معاملے پر پارٹی کا مؤقف پیش کریں گے۔بلاول بھٹو آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی قومی اسمبلی میں تقریر کے اہم نکات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔