پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) نے ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس اور فوڈ چینز پر جانے والے شہریوں کے لیے اہم ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں کچن آرڈر، غیر ادا شدہ، پری یا عارضی بل جاری کرنے پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس یا فوڈ چینز سے خدمات حاصل کرتے وقت ڈیجیٹل رسید لازمی حاصل کریں۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق تمام فوڈ چینز، ریسٹورنٹس اور کافی شاپس صارفین کی آگاہی کے لیے یہ ہدایت نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے۔
پی آر اے کے مطابق ڈیجیٹل رسید پر PRA انوائس نمبر اور PRA QR کوڈ موجود ہونا ضروری ہے۔
حکام نے مزید کہا کہ اگر کوئی ریسٹورنٹ یا دیگر متعلقہ کاروباری ادارہ ڈیجیٹل یا کارڈ کے ذریعے ادائیگی قبول کرنے سے انکار کرے تو شہری اس کے خلاف شکایت درج کرا سکتے ہیں۔