اعجاز الحق کا نئے صوبوں سے متعلق بڑا دعویٰ، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی مخالفت کا امکان

اسلام آباد (ویب ڈیسک): سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ ضیا کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف تینوں جماعتیں نئے صوبوں کی مخالفت کریں گی۔

اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے ڈپٹی بیورو چیف اظہر فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اعجاز الحق نے کہا کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کے وزرائے اعلیٰ کے پاس اس وقت وسیع اختیارات موجود ہیں، اس لیے جب ان سے کہا جائے گا کہ موجودہ نظام ختم کرکے نئے صوبے قائم کیے جائیں تو انہیں یہ تجویز قبول کرنا مشکل ہوگا۔

اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث اور کوششیں کافی عرصے سے جاری ہیں۔ ان کے مطابق سابق صدر جنرل ضیا الحق کے دور میں بھی ملک میں 9 صوبوں کے قیام کی بات کی گئی تھی۔

سینئر سیاستدان نے ملک کے موجودہ مسائل کا حل صدارتی نظام کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی یونٹس صرف ایک ڈویژن تک محدود نہیں ہونے چاہئیں بلکہ ضرورت کے مطابق دو یا تین ڈویژن پر مشتمل بھی بنائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انتظامی معاملات بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی حکومتوں کے نظام پر بھی مؤثر طریقے سے عملدرآمد ضروری ہے۔ ان کے مطابق اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہونے سے عوام کو سہولت مل سکتی ہے۔

محمد اعجاز الحق نے مزید زور دیا کہ ملک میں کرپشن کے خاتمے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے ساتھ حکومتی نظام میں اصلاحات اور مؤثر بلدیاتی نظام بھی ضروری ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کا معاملہ ایک بار پھر سیاسی بحث کا موضوع بن گیا ہے، جبکہ مختلف سیاسی رہنما اس حوالے سے اپنی تجاویز اور مؤقف سامنے لا رہے ہیں۔