خاران: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک

خاران (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت خاران کے علاقے لجے میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو خفیہ اطلاعات پر نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 7 دہشتگرد مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد لوٹ مار، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، بھاری مقدار میں گولہ بارود، 2 گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔