لاہور کے تھانہ ٹاؤن شپ کی حدود میں گرفتار دو خواتین، انمول اور آمنہ، پولیس تحویل کے دوران انتقال کر گئیں۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین کو مبینہ چوری اور فراڈ کے الزام میں شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کیا گیا۔ بعد ازاں انہیں ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔پولیس کے مطابق دونوں خواتین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور دورانِ علاج انتقال کر گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں خواتین ریکارڈ یافتہ تھیں اور مبینہ طور پر منشیات استعمال کرتی تھیں، تاہم موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔پولیس نے دونوں خواتین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی انکوائری کے ذریعے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں