کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں نامعلوم مسلح افراد پولیس کی تحویل سے چھالیہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد ابراہیم حیدری تھانے میں دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق مخبر کی اطلاع پر ایک مشکوک گاڑی کو روکا گیا، جس میں چھالیہ اسمگل کی جا رہی تھی۔ تلاشی کے دوران اچانک 14 سے 15 افراد ڈبل کیبن گاڑی میں وہاں پہنچے، جن میں بعض نے کوسٹ گارڈ کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔ ملزمان نے پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی اور چھالیہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم عرفان کو گرفتار کر لیا، جس کی نشاندہی پر ایک گھر سے تیار اور غیر تیار شدہ گٹکا بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔