راولپنڈی (ویب ڈیسک): چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی ثالثی کے کردار کو بار بار سراہتے رہے ہیں۔
جی ایچ کیو میں منعقدہ ’معرکہ حق‘ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ آج کا دن پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے کیونکہ ایک سال قبل اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو معرکہ حق میں عظیم کامیابی عطا کی اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری حکمت عملی کا محور جارحیت نہیں بلکہ امن ہے، تاہم دشمن یاد رکھے کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں جنگ کے اثرات محدود نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو صرف جدید ہتھیار ہی نہیں بلکہ نئی سوچ اور جدید حکمت عملی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔فیلڈ مارشل نے سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کو اہم سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج مؤثر قیادت کے ذریعے عالمی سفارت کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کو پاکستان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور افغانستان سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی اب بھی جاری ہے، اور افغانستان کو چاہیے کہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔