وینیزویلا میں خوفناک طیارہ حادثہ، ٹیک آف کے فوراً بعد جہاز آگ کے گولے میں تبدیل

وینیزویلا کی ریاست تاچیرا میں ایک خوفناک طیارہ حادثہ پیش آیا، جہاں ٹیک آف کے فوراً بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔تفصیلات کے مطابق “پائپر چیئین I” ماڈل کا یہ چھوٹا طیارہ سان کرسٹوبل کے پرامیلو ایئر فیلڈ سے اڑان بھرتے ہی فضا میں چند لمحوں بعد جھٹکے کھاتا ہوا زمین سے جا ٹکرایا اور شعلوں میں لپٹ گیا۔ حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ رن وے پر پھسلتا ہوا آگ اور دھوئیں کے بادل میں تبدیل ہو جاتا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت فضا میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ چیخ اٹھے۔ حکام نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ طیارے کے گرنے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔