جنوبی کوریا میں گلابی گھاس کے دلکش مناظر قدرت کا خواب ناک رنگ

بہار کے موسم میں عام طور پر ہر جانب سبزہ اُگ آتا ہے، لیکن اگر گھاس سبز کے بجائے گلابی ہو جائے تو منظر کچھ اور ہی بن جاتا ہے۔ جنوبی کوریا میں اس وقت واقعی گھاس سبز نہیں بلکہ گلابی ہو گئی ہے، جس نے زمین کو ایک خواب ناک منظر میں بدل دیا ہے۔یہ گلابی گھاس Pink Muhly Grass کہلاتی ہے، جو ستمبر سے نومبر کے درمیان اُگتی ہے۔ جنوبی کوریا میں ایسے مناظر دیکھنے کے لیے سیاح دور دور سے آتے ہیں۔ یہ دراصل ایک سجاوٹی گھاس (ornamental grass) ہے جو بنیادی طور پر امریکا کے جنوبی حصوں میں پائی جاتی ہے، لیکن کوریا میں اسے باغات، پارکوں اور سیاحتی مقامات پر بڑے پیمانے پر کاشت کیا جاتا ہے۔اس گھاس کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کے گلابی اور ہلکے جامنی رنگ کے نرم، بادل نما خوشے ہیں جو دھوپ پڑنے پر پورے علاقے کو خواب ناک حسن میں ڈبو دیتے ہیں۔ یہ گھاس بہار میں اُگنا شروع کرتی ہے اور ستمبر سے نومبر کے آغاز تک اپنی مکمل گلابی رنگت اختیار کر لیتی ہے۔ یہی وہ وقت ہے جب پورے جنوبی کوریا کے پارک سیاحوں سے بھر جاتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گلابی گھاس کو خشک موسمِ خزاں سب سے زیادہ پسند ہے۔ جنوبی کوریا میں اس کے مشہور مقامات میں سئول، جھیل گیتچئون، جزیرہ جیجو شامل ہیں، جبکہ ہانُول پارک سئول میں سب سے مشہور جگہ ہے، جہاں خزاں کے موسم میں گلابی گھاس کا سمندر دکھائی دیتا ہے۔یہ گھاس معتدل دھوپ، خشک مٹی اور اچھی نکاسیٔ آب والی زمین میں بہتر اُگتی ہے۔ زیادہ پانی سے اس کی جڑیں خراب ہو سکتی ہیں، اسی لیے یہ عموماً بلندی والے علاقوں میں زیادہ پائی جاتی ہے۔ ایک بار لگانے کے بعد یہ کئی برس تک خود بخود اُگتی رہتی ہے۔اگر آپ قدرتی مناظر کے شوقین ہیں، تو جنوبی کوریا میں گلابی گھاس کا بہترین نظارہ اکتوبر کے پہلے دو ہفتوں میں کیا جا سکتا ہے، جب فضا میں خزاں کی خنکی اور زمین پر گلابی بادلوں کا جادو ایک ساتھ بکھرا ہوتا ہے۔