راولپنڈی میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائی چھپکلیوں کے فضلات سے بھری 1200 کلو ناقص سویاں تلف

فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1200 کلو ناقص اور چھپکلیوں کے فضلات سے بھری سویاں تلف کر دیں۔ کارروائی پنجاب اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ، بھاتر جھنگ روڈ راولپنڈی میں سویاں پروڈکشن یونٹ کے خلاف کی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، جس پر انتظامیہ کو 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ فیکٹری میں حفظانِ صحت کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزیاں کی جا رہی تھیں۔اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گوجرانوالہ میں بھی گرینڈ آپریشن کیا، جہاں 14 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کے دوران ایک یونٹ کو بند جبکہ 11 کو مجموعی طور پر 9 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 1000 کلو ناقص املی، 200 کلو سویاں اور 2 من سے زائد دیگر ممنوعہ اجزا بھی تلف کیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیاں عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، ناقص صفائی اور حشرات الارض کی موجودگی برداشت نہیں کی جائے گی۔