وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایئر پنجاب منصوبے کو جلد از جلد فعال کرنے کا حکم دیتے ہوئے جدید اور آرام دہ طیارے لیز پر حاصل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ لاہور میں ایئر پنجاب پراجیکٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو منصوبے کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز نے فیز ون کی کارروائی فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبے کے لیے بین الاقوامی معیار کے جدید طیارے حاصل کیے جائیں۔ اجلاس میں لاہور سے اسلام آباد کے درمیان ایئر پنجاب کی پہلی پرواز کے روٹ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر مری گلاس ٹرین پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ نے جلد از جلد عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔