وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف سے سیلاب کے معاشی اثرات کو جائزے میں شامل کرنے کی درخواست

وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات کو اپنے جائزے میں شامل کرے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی نیویارک میں آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں آئی ایم ایف سربراہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔کرسٹالینا جارجیوا نے نقصانات کے درست تخمینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی اصلاحات اور مضبوط میکرو اکنامک پالیسیوں پر عملدرآمد وزیراعظم شہباز شریف کے عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اپنی مستقل حمایت کے عزم کو دہرایا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ہمیشہ تعمیری رہے ہیں۔ انہوں نے مشکل حالات میں بروقت تعاون پر عالمی مالیاتی فنڈ کا شکریہ ادا کیا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پائیدار اصلاحات کی بدولت پاکستان کی معیشت میں بہتری کے مثبت آثار نمایاں ہو رہے ہیں اور بحالی کی رفتار تیز ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ سیلاب کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کو آئی ایم ایف کے آئندہ جائزے میں شامل کیا جانا چاہیے۔