50

خلا سے لاہور کا نظارہ

متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے خلاباز سلطان النیادی نے خلائی اسٹیشن سے پاکستان کے شہر لاہور کی تصویر شیئر کردی۔ دی نیشنل نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے پاکستان اور بھارت کی تصاویر لی ہیں، اب تک اپنے مشن کے دوران انہوں نے زیادہ تر عرب ممالک کی تصاویر ہی جاری کی ہیں تاہم اب کی بار انہوں نے دو جنوبی ایشیائی ممالک کی تصویر کشی کے لیے بھی وقت نکالا، سلطان النیادی نے پاکستان میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی تصویر کھینچی اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارت کے شہر لکھنؤ کے بھی رات کے وقت کے نظارے کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔بتاتے چلیں کہ امارتی خلانورد سلطان النیادی 3 مارچ کو چھ ماہ کے عرصے کے لیے آئی ایس ایس پر پہنچے، یہ ایک عرب خلاباز کا پہلا طویل دورانیے کا خلائی مشن ہے، انہوں نے اسپیس واک کرنے والے پہلے عرب خلاباز کے طور پر تاریخ رقم کی، جب وہ 7 گھنٹے کی اسائنمنٹ کے لیے اسپیس اسٹیشن سے باہر نکلے، انہوں نے خلا میں اپنی 42ویں سالگرہ منائی اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔محمد بن راشد خلائی مرکز کے حکام نے خلاباز کو اپنے چھ ماہ کے مشن کا نصف مکمل کرنے پر مبارکباد دی، یو اے ای کے خلاباز پروگرام کے مشن مینیجر عدنان الرئیس نے کہا کہ سائنس کے لیے سلطان کی لگن نے اس عرصے کے دوران اسے نمایاں پیش رفت کرتے دیکھا ہے، مزید تین ماہ کے ساتھ ہم بے تابی سے مزید اہم تحقیقی منصوبوں کا انتظار کر رہے ہیں، متحدہ عرب امارات کے خلائی شعبے کے مستقبل کے لیے راہ ہموار کرتے ہوئے یہ مشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جو خلائی تحقیق میں بے مثال پیش رفت کی طرف ہماری مہم کی پیش قدمی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں