وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سمیت کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہئیے کیونکہ اس سے کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوتا۔پنجاب میں قائد ن لیگ نوازشریف کا ووٹ بینک ہے جو کسی اور کو نہیں جائے گا۔انہوں نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بروقت الیکشن نہ ہوئے تو چھ ماہ میں ملکی معیشت مزید خراب ہو جائے گی۔بروقت الیکشن ملکی معاشی و دیگر مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہیں۔اگر وقت پر الیکشن نہ ہوئے تو پاکستان مسائل کا شکار ہو جائے گا اور ملکی معیشت مزید خراب ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ایسے ہونے چاہئیے جس کے نتائج کو قبول ہوں کیونکہ 2018ء میں ہونے والے انتخابات کے نتائج پر ہمیں اور دیگر سیاسی جماعتوں کو تحفظات تھے تاہم جمہورہت کی خاطر ہم نے مفاہمت کا راستہ اپنایا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں مگر چئیرمین پی ٹی آئی نے مخالفت کی۔چارٹر آف اکنامی کا الیکشن کے بعد طے ہونا ضروری ہے کیونکہ مستقبل میں معاشی چیلنجز مزید ہو سکتے ہیں۔وزیر داخلہ نے یہ بھی واضح کیا کہ پی ڈی ایم سیاسی اتحاد نہیں ہے اور تمام جماعتیں الیکشن میں اپنا اپنا امیدوار میدان میں اتاریں گی۔پنجاب میں نوازشریف کا ووٹ بینک ہے جو کسی اور کو نہیں جائے گا۔راناثناء اللہ نے کہا ہمارا مخالف تحریک انصاف کا ووٹ تھا جو اب چار حصوں میں تقسیم ہو گیا ہے اور اب یہ پیپلز پارٹی، جہانگیر ترین و ن لیگ کے پاس آئے گا۔راناثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف سمیت کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہئیے۔ماضی میں سیاسی جماعتوں پر پابندیاں لگ رہی ہیں مگر کوئی نتائج حاصل نہیں ہوئے۔