انسانی اسمگلروں نے شہری کو 1600 ڈالر میں فروخت کر دیا

تفصیلاے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے شہری پر تشدد، اغواء اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کر لئے۔   ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں شاہد ندیم اور محمد کاشف شامل ہیں، ملزمان کو کراچی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، ملزم سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم شاہد ندیم نے شہری کو کمبوڈیا ملازمت کا جھانسہ دے کر 7 لاکھ روپے بٹورے، ملزم شاہد ندیم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ کو 1600 امریکی ڈالر کے عوض فروخت کر دیا، متاثرہ کو بعد ازاں کمبوڈیا میں سیف ہاؤس میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم محمد کاشف نے 7 شہریوں کو آئرلینڈ ملازمت کا جھانسہ دے کر فی کس 10 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا، دبئی پہنچنے پر مسافروں نے ایجنٹ کی جانب سے دئیے گئے جعلی پاسپورٹ پر آئرلینڈ جانے کی کوشش کی جس پر مسافروں کو پاکستان ڈیپورٹ کر دیا گیا تھا۔ ایف آئی اے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔