شانگلہ: پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید، 4 زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے شانگلہ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر کے 2 اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے راکٹ لانچر سے گنانگر پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، دہشت گردوں کے حملے میں اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید اور محرر سمیت 4 زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان شامل ہیں، حملے میں اہلکار مرزا ارشد اقبال، سپاہی ارشد گنانگرسمیت 4 اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق ایک زخمی سپاہی کا تعلق میرہ سے ہے۔ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع شانگلہ میں پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان کی شہادت پر دکھ و افسوس کا اظہار اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔ ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس جنگ میں کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔