کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی سست روی برقرار، واٹس ایپ اور دیگر ایپس چلانے میں مشکلات،صارفین پریشان

ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی سست روی برقرار ہے جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شہروں میں انٹرنیٹ کی سست روی سے طلباء اور فری لانسرز کی بڑی تعداد متاثر ہو رہی ہے، واٹس ایپ پر بھی صارفین کو ڈاؤن لوڈنگ میں شدید مشکلات درپیش ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی اے انٹرنیٹ کی سست روی کی وجوہات بنانے سے قاصر ہیں۔ پاکستان کے معاشی حب کراچی میں بھی انٹرنیٹ اسپیڈ تاحال سست ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، شہرکے مختلف علاقوں میں خصوصاً واٹس ایپ میسیجنگ میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں آڈیو، ویڈیو، تصاویر کی ترسیل میں حد سے زیادہ وقت لگ رہا ہے، صدر، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، گلستان جوہر کے مختلف علاقے متاثر ہیں، بعض علاقوں میں وائی فائی سروس بھی کام نہیں کر رہی۔ دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں انٹرنیٹ نے رفتار پکڑ لی ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈاؤن لوڈنگ سپیڈ بھی بہتر ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ ہفتے کی شب سے ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول واٹس ایپ، فیس بُک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک عارضی طور پر معطل یا سست روی کا شکار ہیں، ملک کے مختلف علاقوں میں سوشل میڈیا سروسز تاحال متاثر ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔