بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا پاکستان کا اہم دورہ: معاہدوں کی توقع
بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر آئندہ ہفتے 25 نومبر کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔
بیلا روسی صدر کے ہمراہ ایک اہم وفد بھی پاکستان آئے گا، اور اس موقع پر پاکستان بیلا روس روڈ میپ 27-2025 پر دستخط کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں زراعت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، صنعت اور ادویہ سازی کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ زرعی مشینری اور ٹریکٹر کی تیاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران، صدر لوکاشینکو کی ملاقاتیں صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ہوں گی، جب کہ ان کی پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر بات چیت کی جائے گی، اور خطے و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس دورے کے اہم اجزاء میں بیلا روس کے وزیر توانائی الیکسی کشنارینکو کا حالیہ پاکستان کا دورہ اور ستمبر میں پاک بیلا روس مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس شامل ہیں، جس میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔