سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے سرغنہ کا پاکستان میں چھپ کر داخل ہونے کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ خارجی رہنما پاکستان آنے کی تیاری کر رہا تھا اور اس کا ارادہ تھا کہ وہ چھپ کر یہاں آ کر ایک ویڈیو ریکارڈ کرائے گا، جس میں یہ دعویٰ کیا جائے گا کہ وہ پاکستان میں موجود ہے۔ تاہم ویڈیو اس وقت ریلیز کی جائے گی جب وہ افغانستان واپس فرار ہو چکا ہوگا۔
ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یہ ممکن ہے کہ خارجی رہنما افغانستان میں ہی ویڈیو ریکارڈ کرائے اور پاکستان میں ہونے کا دعویٰ کرے۔
یاد رہے کہ فتنہ الخوارج کے رہنما کی ایک آڈیو لیک بھی سامنے آئی تھی، جس میں وہ دہشت گردوں پر پاکستان سے واپس نہ آنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ لیک آڈیو میں یہ بھی سنا گیا کہ رہنما غٹ حاجی کو کہہ رہا تھا کہ “ہماری طرف واپسی کی اجازت نہیں، ہر کسی کو تیار رہنا ہوگا، راستہ بدلنے کی اجازت نہیں۔” یہ آڈیو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فتنہ الخوارج کے سرغنہ افغانستان میں چھپ کر بیٹھے ہیں اور وہیں سے دہشت گردوں کو ہدایات دے رہے ہیں۔