اسپتالوں میں غیر قانونی طور پر درآمد شدہ ادویات اور سرجیکل آلات کے استعمال کا انکشاف ہونے کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے صوبائی حکومتوں کو خط لکھ کر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ڈریپ کے ذرائع کے مطابق، آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں قانون شکن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے امپورٹڈ غیر قانونی ادویات اور آلات بیچنے، استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے ریگولیٹری فورس کو میڈیسن مارکیٹ کی موثر نگرانی کی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ، غیر قانونی سپلائی چین کی تحقیقات کر کے سپلائرز کی نشاندہی کرنے اور مارکیٹ سے غیر قانونی ادویات اور آلات ضبط کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ ڈسٹری بیوٹرز اور فارمیسز کے اسٹاک چیک کر کے غیر قانونی اشیاء کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے فیلڈ فورس کی نگرانی مزید سخت کی جائے گی۔